نئی دہلی،05؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ریلوے نے پہلی بار فیصلہ کیا ہے کہ تحویل اراضی کا عمل مکمل ہوئے بغیر نئے ریلوے لائن بچھانے کا کوئی بھی منصوبہ شروع نہیں کیاجائے گا۔یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے تاکہ زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوئی بھی منصوبہ درمیان میں ہی نہ پھنس جائے۔ایک نئی پالیسی کے تحت قومی نقل و حمل ریلوے نے تحویل اراضی تکمیل یا ایک وقت مقررہ کے اندر ریلوے کو زمین دینے کے لئے ریاستی حکومت سے ضمانت کا تحریری یقین دہانی حاصل نہیں ہونے پر ایک طرح سے ٹینڈرس جاری کرنے یا کسی نئے منصوبے پر کام شروع کرنے پر روک لگا رکھی ہے۔نئی پالیسی میں کہا گیا ہے بورڈ (ریلوے)نے تحویل اراضی تکمیل کے بعد ہی کسی نئی لائن کے منصوبے کو لے کر ٹینڈر جاری کرنے یا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس وقت کسی منصوبے کو شروع کرنے کے لئے صرف 70 فیصد زمین تحویل کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے زمین کی عدم دستیابی ہونے یا مقررہ زمین کے قانونی چارہ جوئی میں پھنسے ہونے کی وجہ سے اکثر منصوبے رک جاتے ہیں یا اس میں دیر ہو جاتی ہے۔